اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) فلپائن میں یکم سے چھ اگست تک منعقد ہونے والے پہلے بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (INSO-2024) میں پہلی بار شرکت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے دو چاندی اور دو کانسی کےتمغے جیت کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ سنگاپور چار طلائی تمغوں کے ساتھ اول اور فلپائن دو طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے۔چونکہ یہ پہلا انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ تھا‘ اسلئے کئی ممالک اس کیلئے تیار بھی نہیں تھے۔ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک نے ان مقابلوں میں حصہ نہیں لیا جبکہ جاپان اور کوریا آبزرور کے طور پر شریک ہوئے۔ صدیق پبلک اسکول اسلام آباد کے سلیمان نعمان اور لاہور گرائمر اسکول کے سبحان کاشف نے سلور میڈل جبکہ کراچی گرامر اسکول کے احبان اعوان اور صدیق پبلک اسکول راولپنڈی کےقاسم سلام نے کانسی کے تمغے جیتے۔