• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معالج کے مشورے سے ذیابیطس کے مریض روزہ رکھ سکتے ہیں، پروفیسر زمان شیخ

کراچی (بابر علی اعوان) ماہر امراضِ ذیابیطس پروفیسر زمان شیخ نے کہا ہے کہ ذیابیطس کے بیشتر مریض مناسب طبی مشورے اور ادویات کے اوقات میں ردوبدل کرکے روزے رکھ سکتے ہیں تاہم حاملہ خواتین جو شوگر میں مبتلا ہوں، ڈائیلیسس کے مریض، بزرگ افراد اور سخت جسمانی مشقت کرنے والے افراد ہائی رسک گروپ میں شامل ہیں اس لیے انہیں روزہ رکھنے سے قبل اپنے معالج سے لازمی مشورہ کرنا چاہیے۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک روحانی و ذہنی سکون کا مہینہ ہے، روزہ ذہنی دباؤ میں کمی اور قلبی سکون کا باعث بنتا ہے تاہم ذیابیطس کے مریضوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نارمل اور کنٹرولڈ شوگر کے مریض روزے کے دوران دن میں ایک سے دو مرتبہ خون میں شوگر کی سطح چیک کرسکتے ہیں اور شوگر چیک کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ ضرورت محسوس ہو تو 24 گھنٹوں میں تین مرتبہ بھی شوگر لیول مانیٹر کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر زمان شیخ کے مطابق انسولین استعمال کرنے والے مریض اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے انسولین کے اوقات تبدیل کریں۔ عموماً صبح والی انسولین افطار کے وقت جبکہ رات والی انسولین سحری سے قبل لگائی جاسکتی ہےتاہم سحری سے پہلے لگائی جانے والی انسولین کی مقدار میں کمی کی جاتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید