اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے ارکانِ پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی فوری سماعت اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبات کیے ہیں، پیر کو پی ٹی آئی کے سیکرٹری ،سلمان اکرم راجہ ، اپوزیشن لیڈر سینیٹ، علامہ ناصر عباس،عامر ڈوگر،شفیع جان محمد حسین اور شاہد خٹک وغیرہ نے احتجاج کیا ،مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ،ارکانِ پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک غیر قانونی ہے اور عدالتِ عظمی کو ان کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری نوٹس لینا چاہیے، انہوں واضح کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور بانی پی ٹی آئی کو انصاف نہیں ملتا، ان کا احتجاج مختلف فورم پر جاری رہے گا۔ادھر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری ، سلمان اکرم راجہ، اراکین قومی اسمبلی علی محمد خان اور شاہد خٹک نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی افواجِ پاکستان کی شہادتوں کی معترف ہے اور شہدا ء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کے لیے خون دینے والوں کا قرض ہم پر ہے،انہوں نے بانی چیئرمین کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے انہیں فوری طور پر علاج کے لیے شفا ء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرکے ان کے ذاتی معالج و خاندان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔