کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے سعودی عرب میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خاتون کو ڈی پورٹ ہونے کے بعد حراست میں لے لیا۔ ایف آئی اے امیگریشن کراچی کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر (KSA) سے ڈی پورٹ خاتون مسافر گلشن بی بی کو حراست میں لے لیا گیا جو بہاولپور کی رہائشی ہے۔حکام کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک رویہ اور تفصیلی جانچ پڑتال میں خاتون نے فیصل آباد کے رہائشی ایجنٹ طیب علی ولد معراج الدین کی معاونت سے بیرون ملک روانگی کا اعتراف کیا۔خاتون نے سعودی عرب پہنچنے پر منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔ نیٹ ورک میں زینی (لاہور)، حسیب (اوکاڑہ) اور حاجی اللہ وسایا (مقیم سعودی عرب) شامل ہیں۔ حکام کے مطابق خاتون مسافر مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تھی، مقامی حکام کی جانب سے گرفتاری اور سزا کے بعد اسے ڈی پورٹ کیا گیا۔ ملزمہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارے جا رہے ہیں۔