کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں قومی شجر کاری مہم کے سلسلے میں شاہ فیصل ٹاؤن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنیٹر سید فیصل سبزواری نے کہا کہ ملک میں بڑھتے درجہِ حرارت کو مدنظر رکھتے ہوئے شجرکاری کرنا صرف ایم کیو ایم کا نہیں بلکہ تمام شہریوں کا کام ہے، کراچی کے ماحول کو رہائش کے قابل کرنے کے لئے شجرکاری ناگزیر ہے ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی سکندر خاتون نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ملک کے طول و عرض میں شجر کاری مہم کا آغاز کر کے اپنا حصہ ڈالنا شروع کیا ہے، لیاقت آباد میں شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو اسکے حق سے محروم رکھا جائے یہ نہیں چلے گا ، آزاد کشمیر والوں نے احتجاج کیا تو حکومت نے انہیں ریلیف فراہم کیا ہمیں بھی اپنا حق لینے کے لئے ایک بڑی اسمبلی شا رع فیصل اور ایم اے جناح روڈ پر لگانی ہوگی، کراچی والے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ٹیکس دیتے ہیں اس کے بدلے میں ہمیں انفرااسٹرکچر کی تباہی اور اسٹریٹ کرائمز کی بھرمار ملتی ہے کراچی میں ایم کیو ایم کے زمانے میں ایسے حالات نہیں تھے جو اس وقت ہیں، دریں اثناء قومی شجرکاری مہم کے سلسلے میں حق پرست اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے رکن صوبائی اسمبلی نجم مرزا کے ہمراہ کورنگی زمان ٹاؤن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی میں مسلسل تبدیلی اور بڑھتی گرمی کی شدت کا سبب درختوں کی کٹائی اور جنگلات کی کمی ہے۔