• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ باضابطہ طور پر بلدیاتی اداروں کے حوالے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے اپنا پراپرٹی ٹیکس ریکارڈ باضابطہ طور پر بلدیاتی اداروں کے حوالے کر دیا.محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام ڈویژنز کے پراپرٹی ٹیکس کا ریکارڈڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے، سرکاری اعلامیہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں حیدرآباد کے 9 اضلاع کے پراپرٹی ٹیکس کا رکارڈ بلدیاتی اداروں کے حوالے کرنے کا کام جاری ہے۔ میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژنز کا رکارڈ بھی مرحلہ وار بلدیاتی اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری محمد سلیم راجپوت نےاس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کے ملازمین اب موٹر وہیکل ٹیکس کے معائنے اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن سے متعلق فیلڈ سرگرمیوں میں معاونت کریں گے۔ تنظیم نو کے حصے کے طور پر 23 ڈویژنوں کا نام بدل کر ریجنز اور ٹاؤنز رکھا گیا ہے، نوٹیفیکشن کے مطابق کراچی کے 23 ڈویژنوں کی افرادی قوت تین ماہ تک پراپرٹی ٹیکس کے سلسلے میں بلدیاتی اداروں کی معاونت کرے گی۔اس سلسلے میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تنظیم نو سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا، 23ڈویژنز کے افرادی قوت کی واپسی سے کراچی میں ایکسائز موٹر وہیکل اور نارکوٹکس کے خلاف کارروائیاں مزید موثر ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد موٹر وہیکل ٹیکس کی وصولی اور منشیات کے خلاف پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا،کراچی کے کونے کونے میں منشیات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئے گی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ ٹیکس چوری کے خاتمے اور منشیات جیسی لعنت سے نمٹنے کے لیے ہماری کوششوں کو بھی تقویت ملے گی، حکومت پرعزم ہے کہ تمام انتظامی عمل شہریوں کی ضروریات اور قانون کے مطابق ہوں۔
ملک بھر سے سے مزید