• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر کے حوالے سے فیصلہ ہماری مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا، خالد مقبول

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان یا کسی سے بھی مذاکرات ہونا چاہئے یہی واحد راستہ ہے،جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب ہوگیا ہے اور مزید بجلی مہنگی ہوگئی ہے،یہ واحد دھرنا تھا جو بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا، ہم افواہوں کا پیچھا نہیں کرتے گورنر سندھ کے حوالے سے اگر فیصلہ ہونا ہے تو ایم کیو ایم سے مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا، وہ ہفتے کو قومی شجر کاری مہم کے سلسلے میں گلشن اقبال ٹاؤن میں تقریب سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ یہ شہر ان لوگوں نے آباد کیا جنہوں نے اپنے گھر بار کو چھوڑا اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں، یہ شہر بڑا خوش نصیب ہے جس کے بدولت آج اسلام آباد کے باغات ہرے بھرے ہیں،ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم ایسے شہر کا حصہ ہیں جس نے پورے ملک کی خوشحالی، ترقی کا بیڑا اُٹھایا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شہر پورے ملک کے بجٹ کا 65 فیصد حصہ دیتا ہے،اس شہر کی ذمہ داری کی بدولت پورے ملک کی سرکار کی تنخواہیں دی جاتی ہیں،اس شہر کی بدولت ملک کے حکمران پلتے ہیں مگر پلٹ کر اس شہر کو دیکھتے نہیں ہیں،آج بھی اس شہر کراچی کی گونج سے آج بھی لوگ پریشان ہیں،یہ شہر ان کی اولادوں کا ہے جنہوں نے ملک کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑا تھا۔جب تک خوشحالی کراچی میں سر جھکا کر داخل نہیں ہوتی پورے پاکستان میں کہیں نہیں پہنچتی،ساڑے تین کروڑ سے زائد نفوس کا یہ شہر اگر گن لیا جائے تو یہ دنیا کا سب سے بڑا شہر ہے، سب جانتے ہیں پورا ہندوستان اجڑا تھا تو کراچی آباد ہوا تھا،جنہوں نے پاکستان بنایا تھا ان کی اولادیں ہی اس ملک کو بچا اور چلا سکتی ہیں،ایم کیو ایم کے علاوہ اس ملک کے پاس اور کوئی آپشن نہیں بچا ہے،اس شہر کی دیواروں کو رنگین تو کئی بار کیا گیا مگر اسے سرسبز بنانے کی کوشش کبھی نہیں کی گئی،قومی شجر کاری ایم کیو ایم کی ہمت اور ہمدردوں کے تعاون کا نتیجہ ہے،یہ شادابی اور سبزہ ہی پاکستان کی امید اور یقین ہے۔بعدازاں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حق پرست اراکین اسمبلی اور عوام کے ہمراہ پودے لگائے۔
ملک بھر سے سے مزید