راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اسلام آبادکے مختلف سیکٹرز میں رات گئے موسلا دھار بارش سے مختلف گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔بارش کے دوران ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں،اس دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کی گئی۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیکٹر ایف کے کچھ گھروں کی بیسمنٹ میں پانی داخل ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ گھروں میں پانی داخل ہونے کی شکایات پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں،اور ڈی واٹرنگ پمپس کی مدد سے گھروں کی بیسمنٹ سے نکاسی آب کا عمل مکمل کیا گیا۔ بارش والے علاقوں میں نالوں کی مانیٹرنگ پوری رات جاری رہی جب کہ نشیبی علاقوں میں بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز خود موجود رہے۔