راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) شہر اقتدار میں 14 ڈینگی کیس رپورٹ ہوگئے ۔اس بات کا انکشاف ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عثمان اشرف کی زیرصدارت ڈینگی صورت حال کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیاگیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر لاروا کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر غورگیا۔اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں آگاہ کیاگیاکہ لاروا ملنے پر اب تک متعدد کاروباری مراکز اور زیر تعمیر گھروں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی گئی جب کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران رورل ایریاکے 174 جبکہ اربن علاقوں میں 430 لاروا رپورٹ ہوئے۔ 8 اگست تک شہر میں 14 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے۔ اس دوران اے ڈی سی کی جانب سے ڈینگی لاروا کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔