ہڈرزفیلڈ (زاہد انور مرزا) پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن ہڈرزفیلڈ کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سے آئے مہمان خصوصی علامہ صاحبزادہ محمود احمد قادری نے کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو قوم مسلمانوں پر اثر انداز ہو رہی تھی ، قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلم لیگ بنا کر تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور وطن عزیز پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی مایوس کن اور افسوسناک ہے۔ سرفراز احمد اتاشی (قونصلر امور) قونصلیٹ آف پاکستان بریڈ فورڈ نے کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیاں دے کر حاصل ہوا۔ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک کوششوں اور دن رات محنت کی وجہ سے ہمارا وطن پاکستان معرض وجود میں آیا۔ ایسی تقاریب کا مقصد شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ نوجوان نسل کو تحریک پاکستان سے روشناس کروانا ہے ۔تقریب کے میزبان اور ہڈرزفیلڈ پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری حاجی سردار محمد نے کہا کہ برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے وطن عزیز پاکستانکیلئے ہمیشہ دل کھول کر مدد کی ہے، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، حاجی سردار محمد نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہم ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہو سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے مذہبی امور کے چیئرمین مولانا قاری محمد عباس نے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور حکومت تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔ تقریب سے کونسلر آفاق احمد ،کونسلر عمران صفدر ،سابق کونسلر جمیل اختر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کا آغاز مولانا قاری محمد عباس نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جب کہ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی علامہ صاحبزادہ محمود احمد قادری نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ اور باالخصوص فلسطین کے مسلمانوں کیلئےخصوصی دعا کی۔ تقریب میں ہیلی فیکس، بریڈ فورڈ، ہڈر فیلڈ اورگرد و نواح سے پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔