• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الاقوامی ٹورازم کانفرنس اسکردو میں شروع‘ مختلف سفیروں کی شرکت

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان میں دوسری بین الاقوامی ٹورازم کانفرنس منگل کو اسکردو میں شروع ہو گئی۔کانفرنس تین روز جاری رہے گی اور اس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کیا ہے۔کانفرنس کا افتتاح گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ نے سکردو سے کئی ہزار فٹ بلند سرسبزو شاداب وادئی سوک میں منعقدہ پروقار تقریب میں کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے سیاحت کی مد میں ملک کو اربوں ڈالر کما کر دے سکتے ہیں کانفرنس میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کونیکا نے نمائندگی کی کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور سہو لتوں کی فراہمی میں مکمل تعاون کرینگے جبکہ بر اعظم افریقہ کی نمائندگی مصر کے سفیر‘ ایشیاء اور بحر الکاہل خطے کی نمائندگی ملائشیا کے سفیر اظہر بن مذلان ‘ ترکیہ کے سفیر کی طرف سے غضنفر محمود نے نمائندگی کی۔ آذر بائی جان کے سفیر خضر فرہادوف‘قازقستان کے سفیر یرزان کسٹافین‘یمن کے سفیر محمد مطاہر الازہبی‘ میانمار کے سفیر ڈبلیو وناہان اور پرتگال اور لیبیا کے سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے‘حکومت کی کوششوں سے ایئرپورٹ بنایا گیا ہے‘ انفراسٹرکچر کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گلگت میں جتنی سیاحت کو ترقی ملے گی پاکستان کو اتنا ہی فائدہ ہو گا۔ پاکستان کے شمالی علاقے ملک کو اربوں ڈالر سیاحت کی مد میں کما کر دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں گلگت میں گلگت اور سکردو کیلئے براہ راست پروازیں شروع ہوئی ہیں جن کا یقیناً یہاں کی سیاحت کو فائدہ ہو گا۔ صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم کانفرنس پاکستان کا خوبصورت امیج اجاگر کریگی۔ اس علاقے میں ٹورازم کے ساتھ ساتھ انڈسٹری اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کونیکا نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات سیاحت کا خزانہ ہیں‘ یورپی یونین ان علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔ سفیر آذر بائیجان خضر فرہادوف نے کہا کہ پاکستان خوبصورت اور شاندار لوگوں کا ملک ہے۔ قازقستان کے سفیر یرزان کسٹافین نے کہا کہ قازقستان پاکستان کیلئے جلد براہ راست پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مصر کے سفیر احد عبد اللہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کو سیاحت کے فروغ کیلئے تعاون کرنا چاہئے۔ سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے خطاب میں کہا کہ ایسی کانفرنسز نہ صرف سیاحت کے فروغ کیلئے اہم ہیں بلکہ ان سے پاکستان کا مثبت امیج بھی عالمی سطح پر اجاگر ہو گا۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے انفراسٹرکچر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی قر اۃ العین‘ ویمن چیمبر کی صدر رضوانہ آصف نے بھی خطاب کیا۔
اہم خبریں سے مزید