اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوست ممالک کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ویتنام، مالدیپ اور آئرلینڈ کے سفراءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں انہیں سفارتی اسناد پیش کیں۔ سفراءنے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔ صدر نے سفراءکو پاکستان میں تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ آصف علی زرداری نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نامزد سفراء پاکستان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔قبل ازیں ، سفراءکو ایوان صدر پہنچنے پر پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔