کراچی (افضل ندیم ڈوگر) خاتون اول پاکستان آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین دیرینہ اور انتہائی مضبوط تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، وہ یو اے ای قونصلیٹ کراچی میں جشن آزادی کی تقریب میں یو اے ای اور پاکستان کے مابین بہتر تعلقات کے فروغ میں معاون مختلف شخصیات کو اعلی کارکردگی کے سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل امارات کراچی بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے مابین 6 دہائیوں سے برادرانہ تعلقات ہیں۔ یو اے ای کی ترقی میں پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے، دونوں ممالک کی دوستی تاحیات برقرار رہے گی، تقریب میں پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے اماراتی وزیر برائے بین المذاہب نہیان بن مبارک کا خصوصی پیغام نشر کیا گیا، تقریب میں صحت، تعلیم، کھیل، صحافت، موسمیاتی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرنے والوں، ہوابازی اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ قبل اذیں گرین پاکستان مہم میں خاتون اول آصفہ بھٹو اور فریال تالپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کیلئے ملک بھر میں درخت لگانے چاہیں۔ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنے اور اپنے حصے کا پودہ ضرور لگائے۔ جشن آزادی پاکستان حوالے سے یو اے ای قونصلیٹ کراچی میں تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کو حاضرین کیلئے قرعہ اندازی کے لیے بلایا گیا تو انہوں نے پرچی نکالی تو ان کے ہاتھ سے اپنے ہی انعام نکل آیا جس پر حال میں قہقہہ لگا۔ آصفہ نے اپنے نام کے دبئی کے ریٹرن ہوائی ٹکٹ کی پرچی منسوخ کرکے دوسرے مہمانوں کو موقع دیا۔