برمنگھم (جنگ نیوز) جس دو قومی نظریے اور کلمے کی بنیاد پر پاکستان آزادہوا لیکن77سال سے اس پر کسی حکومت اور حکمران نے عمل نہیں کیا کہیں کوئی انصاف نہیں ملک دولخت ہوگیا اس سے بھی سبق حاصل نہیں کیا۔ علامہ اقبال اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے مسلمانان ہند کو تحریک پاکستان کی پشت پر لاکھڑا کیا لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے یہ ملک اس لئے قائم ہوا کہ اس ملک میں رہنے والے تمام باشندوں کو سیاسی، معاشی اور عدالتی انصاف ملے گا مگر اس کے برعکس اس قوم کو قومیت، زبان، فرقوں اور زبانوں اور صوبائی تعصبات کے ذریعے تقسیم کیا گیا اور آج تک ایک قوم نہ بن سکے۔ اندرونی اور بیرونی اور اسلام دشمن قوتوں نے ملک کو ایسے بحران میں مبتلا رکھا ہے کہ آج پوری قوم مہنگائی اور دہشت گردی کے عذاب کا شکار ہے۔ عوام حکمرانوں کا احتساب کرنے کی بجائے جذباتی جھوٹے وعدوں اور نعروں کے پیچھے پڑی ہوئے ہیں، ملک سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سید مودودی فاونڈیش برطانیہ کے زیراہتمام منعقدہ یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مودودی فاؤنڈیشن کے سرپرست علامہ سرفراز مدنی نے کہا کہ مٹھی بھر مافیا پاکستان پر مسلط ہے، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلام اور جمہوریت کہیں نظر نہیں آتی، بانی پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔ سید مودودی فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد غالب نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے پاکستان کے حالات کے زیادہ ذمہ دار عوام ہیں کہ انہوں ملک میں دیانتدار قیادت کا ساتھ نہیں دیا جن ملکوں کے عوام باشعور ہوتے ہیں وہ اپنی قیادت کا احتساب کرتے ہیں آزمائے ہوئے لوگوں بار بار نہیں آزماتے۔ ملک جن مشکلات کا شکار ہے اسے ایک اسلامی اور جمہوری قیادت ہی بحران سے نکال سکتی ہے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہیں حکمرانوں کی پالیسیاں کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق نہیں پاکستان کی عملی مدد کے بغیر کشمیر آزاد نہیں ہوسکتا۔ تقریب سے پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری، حافظ محمد ادریس، جماعت اسلامی پاکستان سفارتی امور کے ڈائریکٹر عابد محمود خواجہ، کشمیر رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری صاحزادہ فاروق القادری، پیغام اسلام ٹرسٹ کے ٹرسٹی بابر سلیم راجہ، برٹش پاکستانی فورم کے چیئرمین ڈاکٹر بشیر ظہر، تحریک استحکام پاکستان کے ترجمان افتخار جگنو، زبیر شاہین نے بھی خطاب کیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد خواجہ محمد سلیمان نے نعت پیش کی اور معروف شاعر عارف کشمیری نے پاکستان کے حوالے سے اپنا کلام پیش کیا۔ تقریب میں مختلف سیاسی اور سماجی رہنماؤں چوہدری اکرام الحق، چوہدری منظور حسین، حاجی منیر حسین، خواجہ نثار احمد، مولانا احمد ریاض، اکرم شیرازی، راو اشرف، مزمل بٹ، محمد اشرف، محمد حسین اعوان اور دیگر رہنماؤں اور کمیونٹی کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔