• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ بم دھماکوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا ، ضلع سینئر معاونین سعید خان کاکڑ، جمشید خان دوتانی ، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ ، مالیات سیکرٹری ڈاکٹر تواب اچکزئی ، اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ، آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں دستی بم حملوں ، دھماکوں کے باعث بے گناہ نہتے شہریوں کا خون ناحق بہایا گیا جس میں نہ صرف خواتین ، بچے ، نوجوان شہیدہوئے بلکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ ریلوے سٹیشن کے قریب بم دھماکے میں ایک شخص سراج شہید جبکہ اس کے دو بیٹوں اور ایک بیٹی سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے، کلی دیبہ جوائنٹ روڈ سردار یار محمد بڑیچ سٹریٹ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک مرد محمد علی شہید جبکہ ایک ماں بیٹے سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے، لیاقت بازار چائنہ مارکیٹ پر دھماکے میں ایک نوجوان عرفان اللہ کاکڑ شہید جبکہ درجن سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے او ر دکانداروں کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ چالو بہاوڑی سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں بم دھماکے سے بھی درجنوں افراد زخمی ہوئے ۔ مذکورہ بالا واقعات میں ملوث عناصر پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی گرفت سے ہر گز آزاد نہیں ۔ شہر کے تمام علاقوں میں کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور اس کے باوجود ان عناصر کو قانون کی گرفت میں نہیں لایا جاسکتا جو پولیس ، انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، بیان میں کہا گیا کہ حکومت شہید ہونیوالے افراد کے ورثاء کی مالی مدد و اور تمام زخمیوں کے علاج ومعالجے کیلئے بہتر اقدامات جبکہ دکانداروں ، تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر بے گناہ نہتے شہریوں کے خون ناحق بہانے کا ازالہ کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید