• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی میں بارش، پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ متاثر ہونے کا خدشہ، پچ پر کام شروع نہیں ہوا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے لئے دونوں ٹیموں نے جمعے کو بھی اپنی پریکٹس جاری رکھی، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا راولپنڈی ٹیسٹ بارش سےمتاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی ٹیسٹ کے 5 دن بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بارشوں کے باعث گراؤنڈز مین نے تاحال پچ پر کام شروع نہیں کیا اور راولپنڈی ٹیسٹ کس پچ پر ہوگا، یہ فیصلہ بھی تاحال نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش سے ٹیسٹ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا، جس میں عامر سہیل، اطہر علی خان، بازید خان، عروج ممتاز اور نک کومپٹون شامل ہیں۔ سکندر بخت سیریز کے دوران پریزینٹر کے فرائض انجام دیں گے،جمعے کوقومی ٹیسٹ اسکواڈ نے بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں چوتھے روز بھی پریکٹس سیشن کیا۔پاکستان کے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا پریکٹس سیشن پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ ہیڈکوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کی نگرانی میں بارش رکنے کے بعد کھلاڑیوں نے نیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ کے سیشنز کیے۔ بیٹرز کے لیے نیٹس میں خصوصی گھاس والی پچز تیار کی گئیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے لاہور میں 3 گھنٹے ٹریننگ سیشن کیا، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ہفتےکو اسلام آباد روانہ ہو جائے گی۔ پاکستان کے سابق لیجنڈری اسپنر مشتاق احمد اس وقت بنگلہ دیش ٹیم کے اسپن کوچ ہیں اور پاکستانی پچز کے ساتھ اس کے بیٹرز کی کمزوریاں بنگلہ دیش اسپنرز کو بتارہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ ٹورز پر بنچ پر بیٹھا یا نہیں کھلایا گیا۔ مجھے فائدہ ہوا۔ میں فٹ تھا۔ کھلانا نہ کھلانا پی سی بی منیجمنٹ کا کام ہے۔ گرین پچز بنائیں یا جو بھی، میں ہر وکٹ پر پرفارم کرسکتا ہوں۔ نیا سیزن شروع ہورہا ہے ۔ میں کھیلنے اور کچھ کرنے کیلئے بے چین ہو ں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے گھاس والی پچ بنائی جارہی ہے، میں نے قائد اعظم ٹرافی میں گرین پچوں پر ہی وکٹیں لی ہیں، قومی ٹیم کا بہترین اسپنر بننے کا ہدف بنایا ہوا ہے، چیمپئنز ٹرافی کھیلوں نہ کھیلوں سلیکشن کمیٹی فیصلہ کرےگی، اپنی مسٹری ڈیلیوری پرمزید کام کیا ہے، کارکردگی سے حیران کروں گا۔

اسپورٹس سے مزید