سٹاک ہوم (کاشف عزیز بھٹہ) سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں پاکستان ہاؤس پر یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سفارتخانے کے عملے سمیت سٹاک ہوم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور سویڈش مہمانوں نے شرکت کی ۔سفیر پاکستان بلال حئی نے قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا۔ اس موقع پر ہیڈ آف چانسری سفارتخانہ پاکستان سیدہ وردہ بی بی نے صدر مملکت اور ہیڈ آف ٹریڈ چوہدری احسن نے وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا گیا جس کی سعادت ناصر احمد نے حاصل کی۔ سفیر پاکستان بلال حئی نے خطاب کرتے ہوئے سویڈن و فن لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی سمیت تمام اہل وطن کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔ سفیر پاکستان بلال حئی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی لازوال میراث کی عکاسی کرتے ہوئے یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا آج کی دنیا میں ان کےوژن کی پیروی پر زور دیتے ہوئے ایک مضبوط قوم کی تعمیر کیلئے اتحاد، محنت اور لگن کی ضرورت پر زور دیا۔ بلال حئی نے سویڈن اور فن لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کے تعاون کو بھی سراہا اور یورپ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔ سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ جب ہم اپنی آزادی کا جشن مناتے ہیں تو ہمیں اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو دہائیوں سے ناجائز قبضے اور جبر کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے اپنی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ تقریب سے پاکستان نژاد سویڈش مجترمہ سارہ کوکا سلام جو سٹاک ہوم کی ایک کمیون سولنا کی میئر ہیں، نے کہا کہ وہ اپنے پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ سویڈن کے ہر فورم پر پاکستان کی بات کرتی ہیں۔ سارہ کوکا سلام نے تمام اہل پاکستان کو آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب میں ایکومینیا چرچ ہالندا کے پاسٹر بوآز کامران اور ان کی ٹیم کی جانب سے ملی نغمے پیش کیے گئے جبکہ چھوٹے بچوں نے یوم آزادی کے عنوان سے تقاریر اور ملی نغمے سنا کر شرکاء کے دل گرمائے۔ آخر میں سفیر پاکستان بلال حئی نے بچوں کے ساتھ مل کر یوم آزادی کا کیک کاٹا اور بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔