• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ٹی وی کے کوئیز مقابلے میں میزبان ہر ماہ 60 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں

اسلام آباد (فاروق اقدس) بھارتی ٹی وی کا کوئیز شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ جسے مشہور فلمی اداکار امیتابھ بچن پیش کرتے ہیں اس میں شریک ہونے والے مہمان تو نہیں معلوم کتنی تعداد میں کروڑ پتی بن سکے ہیں لیکن پروگرام کے میزبان امیتابھ بچن ہر ہفتے کروڑ پتی بن جاتے ہیں اور ان کے ہر ہفتے کروڑ پتی بننے کی وجہ اس پروگرام میں ان کا معاوضہ ہے۔ اس ضمن میں تفصیلات کے مطابق پروگرام کے 16 ویں سیزین کیلئے جس کا آغاز رواں ماہ 12 اگست سے ہوا ہے امیتابھ بچن پانچ کروڑ روپے معاوضہ لے رہے ہیں جو پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 15 کروڑ روپے بنتے ہیں اور اس طرح وہ نہ صرف ہر ہفتے کروڑ پتی بنتے ہیں بلکہ ہر ماہ چار پروگراموں کے ساٹھ کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مشہور زمانہ بھارتی ٹی وی شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 16ویں سیزن کا آغاز ہوگیا ہے جس کی میزبانی بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کررہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن پہلے سیزن (2000) میں فی قسط کا تقریباً 25 لاکھ روپے معاوضہ لیتے تھے، تاہم اس شو کی مقبولیت کے بعد اداکار کے معاوضے میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس شو کے چوتھے سیزن تک امیتابھ بچن کا معاوضہ دُگنا ہوگیا تھا، اُنہیں سیزن 4 میں شو کی فی قسط کے لئے 50 لاکھ روپے معاوضہ ملتا تھا۔ شو کے سیزن 6 تک امیتابھ بچن ڈیڑھ کروڑ روپے فی قسط تک معاوضہ لیتے تھے جبکہ جبکہ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے آٹھویں سیزن میں اداکار کا معاوضہ بڑھ کر 2 کروڑ روپے سے زائد ہوگیا تھا۔ امیتابھ بچن نے 11ویں سے 13ویں سیزن تک ساڑھے 3 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کیا جبکہ شو کے 14ویں سیزن میں اُنہیں 4 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 16ویں سیزن کے لئے 5 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید