کراچی(نیوزڈیسک)بھارت میں ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کے بعد سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ریاست مغربی بنگال میں ڈاکٹروں اور خواتین کے گروپوں کے کئی روزسے جاری مظاہروں کے دوران 1500 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جو بہتر تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ہزاروں طبی عملے نے کام کی جگہ پر بہتر تحفظ کا مطالبہ کرنے کے لیے کچھ سرکاری اسپتالوں سے واک آؤٹ کیا ۔انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے ملک بھر میں ڈاکٹروں ، اندازاً ان کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہے،سے اپیل کی ہے کہ ہنگامی شعبوں کے علاوہ تمام خدمات کو ہفتہ کی صبح سے 24گھنٹے کے لیے بند کر دیں۔آئی ایم اے کے صدر آر وی اسوکن نے کہاکہ ہمارے پیشے میں خواتین کی اکثریت ہے، ہم نے بارہا ان کے حفاظت کیلئے درخواست کی ہے۔نئی دہلی میں احتجاج کا حصہ بننے والی ڈاکٹر ریچا گرگ نے کہا کہ وہ اب اپنے کام کی جگہ پر خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتی ہیں۔