ایتھنز (رفاقت حسین) جناح آزادی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں یونان بھر سے 16ٹیموں نے شرکت کی اور شائقین کرکٹ کو زبردست کھیل دیکھنے کو ملا یونان میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے کرکٹ گراؤنڈ کا رخ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جناح آزادی کپ کا فائنل سنسنی خیز مقابلہ کپسیلی الیون اور افغان ٹائیگر کے درمیان ہوا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان ایتھنز سے ہیڈ آف چانسلری عظیم خان تھے۔ فائنل میچ میں کپسیلی الیون نے باآسانی افغان ٹائیگر کو شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔ فائنل میچ کے اختتام پر ابراہیم فیض، شہناز ببلی، ناصر جسوکی اور باقر چغتائی کی طرف سے خوبصورت ملی نغموں سے شائقین کرکٹ کو خوب لطف اندوز کیا گیا۔ فائنل میچ کی ونر ٹیم کپسیلی الیون کو ایک ہزار یورو بمعہ ٹرافی انعام دیا گیا جبکہ رنراپ افغان ٹائیگر کو پانچ سو یورو بمعہ ٹرافی انعام دیا گیا۔ ہیڈ آف چانسلری عظیم خان اور دیگر مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ فائنل میچ اور ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔ ہیڈ آف چانسلری عظیم خان نے اپنے خطاب میں انتظامیہ کو بہترین انتظامات کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یونان کی تاریخ میں پہلی دفعہ پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات کی بارش کی گئی۔ اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے مرزا رفاقت حسین ،محمد عباس اور محمد عرفان نے ٹورنامنٹ میں جو بہترین انتظامات کیے اس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان یونان میں مقیم کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ کرتا رہے گا۔