دی ہیگ (نمائندہ جنگ) سابق خطیب داتا دربار لاہور علامہ مقصود احمد قادری نے ورلڈ اسلامک مشن یو کے ،یورپ ،کینیڈااور امریکہ کے سربراہ علامہ قمر الزمان اعظمی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر علامہ قمر الزمان ا عظمی کے صاحبزادے بیرسٹر معین اعظمی بھی موجود تھے۔ علامہ مقصود احمد قادری نے علامہ قمر الزمان اعظمی کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ علامہ قمر الزمان ا عظمی کی کاوشوں اور ا نتھک محنت کی بدولت آج نہ صرف مانچسٹر میں عظیم الشان مسجد انوار الحرمین مکمل ہوئی بلکہ یورپ ،امریکہ اور کینیڈا میں بھی بہت سی عظیم الشان مساجد اور دینی اداروں کا قیام علامہ قمر الزمان اعظمی کی بدولت ممکن ہوا ۔اس موقع پر برطانیہ میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر بھی گفتگو ہوئی ۔ بیرسٹر معین اعظمی نے علامہ مقصود احمد اور دیگر شرکاء کو بتایا کہ مسجد انوار الحرمین میں چیف کانسٹیبل پولیس کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے شرکت کی۔چیف کانسٹیبل مانچسٹر پولیس نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ مانچسٹر پولیس ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھرپور تیار ہے اور ہر شہری،گھروں اور مذہبی عبادت گاہوں کا تحفظ ان کی اولین ذمہ داری ہے ، اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی ،اس موقع پر علامہ مقصود احمد قادری نے علامہ قمر الزمان اعظمی کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔واضح رہے کہ علامہ قمر الزمان عظمی کی طبیعت کچھ عرصہ سے بہت ناساز ہے۔