• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیلئے ذاتی مفادات بالائے طاق رکھنا ہوں گے، شوکت محمود

سلاؤ ( اورنگزیب چوہدری ) اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے عظیم مفاد میں ذاتی مفادات بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اجتماعی سوچ و فکر کے ساتھ اجتماعی کوششوں کو یقینی بنانا ہو گا۔ پاکستان کا مفاد ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار دبئی متحدہ عرب امارات کی کاروباری، سیاسی شخصیت شوکت محمود بٹ چیئرمین شوکت گروپ آف کمپنیز مسلم لیگ ن کے نائب صدر ٹریڈ ونگ دبئی متحدہ عرب امارات نے مانچسٹر میں برطانیہ کی کاروباری شخصیت صدر فرینڈز آف اخوت برطانیہ و یورپ چوہدری افتخار احمد کی قیادت میں ملنے والے وفد سےگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری جعفر اقبال، چوہدری عمر فاروق سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ شوکت محمود بٹ کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ شوکت محمود بٹ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ وفاقی اور پنجاب کی حکومتیں بہترین کام کر رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں ملک میں سیاسی افراتفری سے گریز کریں یہ کسی صورت بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجلی کے بلز میں عام آدمی کو ریلیف دے کر بڑا کام کیا ہے، مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی بہت مشکل ہو چکی ہے ،مریم نواز نے بجلی کی قیمت میں مناسب کمی کر کے مثبت تعمیری کام کیا جس سے یقینی طور پر عام متوسط طبقے کے افراد کو فائدہ ہو گا۔ اوورسیز پاکستانی وزیراعلیٰ پنجاب کے مثبت اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شوکت محمود بٹ نے کہا اوورسیز پاکستانی جسم و جان کا حصہ ہیں، مسلم لیگ ن کی وفاقی اور پنجاب کی حکومتیں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شوکت محمود بٹ نے کہا وہ برطانیہ سمیت پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو مضبوط معاشی قوت بنانے کیلئے مہم کا جلد آغاز کریں گے۔ انہوں نے چوہدری افتخار احمد کے مثبت سماجی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانیت کی خدمت کیلئے بہترین کام کر رہے ہیں، انہوں نے چوہدری افتخار احمد سمیت دیگر کو دبئی متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر چوہدری افتخار احمد نے اظہار خیالات کرتے ہوئے کہا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اوورسیز پاکستانیوں کا مثبت کردار ناقابل فراموش ہے، انہوں نے کہا کہ اخوت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے انہوں نے عام آدمی کی خدمت اور فلاح کیلئے اپنے آپ کو پیش کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ شوکت محمود بٹ کامیاب کاروباری ہونے کے ساتھ بہترین سیاسی کارکن بھی ہیں۔ چوہدری جعفر اقبال اور چوہدری عمر فاروق نے اظہار خیالات کرتے ہوئے شوکت محمود بٹ کو برطانیہ آمد پر خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا شوکت محمود بٹ اوورسیز پاکستانیوں کی موثر آواز ہیں۔
یورپ سے سے مزید