گریٹر مانچسٹر /بولٹن (ابرار حسین / ہارون مرزا) آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار عبدالقیوم نیازی نے خبردار کیا ہے کہ جو 26ارکان پارٹی سے وفاداری تبدیل کر گئے تھے ہم انہیں کسی صورت میں واپس نہیں لیں گے اور آئندہ انتخابات میں نئے امیدواروں کو میدان میں لایا جائے گا وہ یہاں مانچسٹر کے پاکستان کمیونٹی سنٹر میں تحریک انصاف برطانیہ کے زیراہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت پی ٹی آئی یوکے کے صدر ملک عمران خلیل نے کی جبکہ نظامت کے فرائض توصیف اسلم نے ادا کئے۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط اور بلند ہیں اور کوئی رکاوٹ ان کے مشن کو نہیں روک سکتی وہ پاکستان کے عوام کو 77 سال سے چلتے ہوئے غلامانہ سیاسی نظام سے حقیقی آزادی دلانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں عوام ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں کوئی حکومتی چال ان کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی کیونکہ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا عمران خان نے کشمیر پر جو ٹھوس موقف اختیار کیا ہے اس سے کشمیری قوم ان کی گرویدہ بن چکی ہے اور ان کے ایک اشارے پر ہر محاذ پر تن من سے لڑنے کا عزم رکھتی ہے وہ نہ صرف پاکستان اور کشمیر کے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا اسلام کے عوام کے لیڈر ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ میں مسلمانوں کا مقدمہ کامیابی کے ساتھ پیش کیا جبکہ فلسطین کے مسئلہ پر عمران خان کے موقف پر فلسطینی قوم بھی انہیں اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے۔ عمران خان ایک سال سے پابند سلاسل ہیں اور نہ وہ کبھی بیمار ہوئے اور نہ ہی انہوں نے کبھی کوئی ایسا بہانہ کیا جس سے وہ باہر آسکیں وہ پاکستان کی عوام کیلئے لڑ رہا ہے جنہیں وہ کبھی مایوس نہیں کرے گا۔ میاں نواز شریف کو یہ بھی علم نہیں کہ انہیں کیوں نکالا گیا مگر عمران خان کو علم تھا کہ اسے کیوں نکالا گیا۔ انہوں نے واضع کر دیا تھا کہ عوام کے حقوق کی بازیابی کیلئے جو کوشش کر رہے ہیں اس پر اسٹیبلشمنٹ ان کی حکومت کو ختم کردے گی اور انہیں پابند سلاسل کر دے گی یہ ہوتی ہیں ایک لیڈر کی نشانیاں ۔ جس شخص کو علم نہ ہو کہ اسے نکالا کیوں گیا اس کی سیاسی بصیرت کا اندازہ آپ خود کرلیں ۔ انہوں نے کہا آپ برطانیہ جیسے ملک میں رہتے ہیں جہاں دنیا کی پہلی جمہوریت قائم ہوئی یہاں لوگوں کی آواز کو سنا جاتا ہے اگر کوئی مطالبہ کریں تو ان کے مطالبات کو پورا کیا جاتاہے اور انہیں احتجاج کا حق دیا جاتا ہے مگر پاکستان میں کسی کو احتجاج کرنے کا حق حاصل نہیں۔ عمران خان نے دنیا کو احتجاج کرکے دکھا دیا ہے اور وہ اس وقت تک احتجاج کرے گا جب تک قوم کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے۔ انہوں نے کہا ہم نے بغیر کسی شور شرابے کے انٹراپارٹی الیکشن کروائے اور ہماری تمام تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان عوام کا صحیح لیڈر ہے اور عوام کے دلوںمیں بستا ہے ۔ اس موقع پر سابق رکن کشمیر کونسل اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے چیف آرگنائزر چوہدری حمید پوٹھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم رابطہ مہم کیلئے جب گلی گلی نکلے تو عوام نےبھرپور استقبال کیا جس سے ہم حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا عوام عمران خان سے اس قدر محبت کرتے ہیں جس سے عمران خان ایک نظریہ بن چکا ہے اور نوجوان اس نظریے کو اپنا مستقبل سمجھتے ہیں۔ پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر عمران خلیل ملک نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ جلسے سے راجہ عبدالقیوم خان، سائیں ذوالفقار علی، چوہدری ظفر انور، شوکت فرید، ناظم گجر، آصف بٹ، ناصر میر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں سردار عبدالقیوم خان نیازی اور ان کے ساتھی ہال میں پہنچے تو کارکنوں نے ان کا شاندار نعروں سے استقبال کیا۔