• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افریقہ: ملیریا کا سبب بنی مادہ مچھروں کے خاتمے کیلئے نر مچھر میدان میں اتار دیے گئے

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

افریقی ملک جبوتی کی لیبارٹری میں ایسے نر مچھروں کو تیار کیا گیا ہے جو ملیریا کی وجہ بننے والے مادہ مچھروں کا خاتمہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’بی بی سی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق افریقی ملک جبوتی کی لیباٹری میں ایسے نر مچھروں کی افزائش عمل میں لائی گئی ہے جنہیں فضا میں چھوڑنے سے ملیریا کا سبب بننے والے خطرناک مادہ مچھروں کا خاتمہ کیا جا سکے گا۔

’بی بی سی‘ کی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی بھی ملک میں خطرناک مادہ مچھروں کے خاتمے کے لیے لیبارٹری میں نیا مچھر تیار کر کے اسے فضاؤں میں چھوڑا گیا ہو۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران نصف درجن سے زائد ممالک میں ایسے تجربات کیے جا چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ماضی میں برازیل، بھارت، پاناما اور سائمن آئی لینڈ سمیت کئی افریقی ممالک میں ایسے نر مچھروں کو تیار کر کے فضاؤں میں چھوڑا جا چکا ہے۔

لیباٹری میں تیار کیے گئے یہ مچھر ناصرف ملیریا پھیلانے والے مادہ مچھروں کا خاتمہ کرتے ہیں بلکہ دیگر بیماریوں کا سبب بننے والے مچھروں کو بھی ختم کر دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملیریا صرف ایک خاص نسل کی مادہ مچھر کے کاٹنے سے ہی ہوتا ہے، یہ مادہ مچھر ناصرف رات بلکہ دن میں بھی کاٹ سکتی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ نر مچھر مادہ مچھروں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ خود بھی کچھ ہی عرصے میں مر جاتے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید