کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کو مفت علاج اور طبی معاونت فراہم کرنے کے لئے تین ہزار ذیابیطس کلینکس کا نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔ اس نیٹ ورک کے تحت روزانہ تقریباً پچھتر ہزار مریضوں کو بلا معاوضہ علاج اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔نیشنل ڈائبٹیز نیٹورک کے تحت چلنے والے ان کلینکس میں مریضوں کو 50 فیصد رعایتی قیمت پر ادویات اور انسولین بھی فراہم کی جائے گی۔ان خیالات کاا ظہارماہر ذیابطیس اور ہیلتھ پروموشن فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین پروفیسر عبدالباسط نے گزشتہ روزکراچی کے مقامی ہوٹل میں نیشنل ڈائبٹیز نیٹ ورک کے تحت قائم ہزار مفت ڈائبٹیز کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نیشنل ڈائبٹیز نیٹ ورک کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے والی کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود، میری صحت کے چیف ایگزیکٹو افیسر بابر راشد، خرم حسین اور ملکی و غیر ملکی ماہرین امراض ذیابیطس نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ہیلتھ پروموشن فاؤنڈیشن کے تحت نیشنل ڈایابیٹیز نیٹ ورک پاکستان کے پہلے مصنوعی ذہانت پر مبنی ہیلتھ کیئر پلیٹ فارم میری صحت اور گیٹس فارما کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کلینک روزانہ 25 ذیابیطس مریضوں کو مفت مشاورت فراہم کرے گا اور اس طرح تین ہزار کلینکس پر روزانہ 75 ہزار افراد کو علاج کی مفت سہولت میسر آئیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی این نجی شعبے کی جانب سے شروع کیا جانے والا دنیا میں صحت کا سب سے بڑا مفت نیٹ ورک ہوگا۔