برطانیہ میں ایک معمر خاتون نے 102 سال کی عمر میں اسکائی ڈائیونگ کرکے برطانیہ کی سب سے معمر اسکائی ڈائیور بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
معمر خاتون نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 102ویں سالگرہ منانے کےلیے ہوائی جہاز سے چھلانگ لگائی۔
ڈیلی میل کے مطابق سینٹرل سفولک سے تعلق رکھنے والی خاتون بیلی نے ایک طیارے کے ذریعے 7 ہزار فٹ کی بلندی سے جمپ لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا، اس دوران انہوں نے مختلف خیراتی اداروں کےلیے رقم بھی جمع کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عام طور پر لوگ اپنی سالگرہ کا جشن کیک کاٹ کر مناتے ہیں، مگر بیلی نے اس منفرد دن کو اسکائی ڈائیونگ کرکے منایا اور یہ پہلی بار تھا کہ انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔
بیلی نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے والد کو 83 سال کی عمر میں اسکائی ڈائیونگ کرتے دیکھا تو ان کے دل میں بھی یہ خواہش پیدا ہوئی اور سوچا کہ "اگر وہ 83 سال کی عمر میں یہ کر سکتے ہیں، تو میں 102 سال کی عمر میں کیوں نہیں کر سکتی؟"
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اسکائی ڈائیونگ کرتے وقت خوفزدہ تھیں؟ تو انہوں نے کہا کہ "میں خوفزدہ بالکل نہیں تھی، مگر جب جہاز کا دروازہ کھلا اور سرد ہوا کا جھونکا میرے چہرے پر لگا اور میرے پیر ہوا میں لٹکنے لگے، تو مجھے لگا 'کیا میں نے زیادہ بڑا قدم اٹھا لیا ہے؟'"
انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ تجربہ کافی خطرناک تھا اور مجھے لینڈنگ کے وقت بہت احتیاط کرنی پڑی تاکہ وہ اپنے پیروں پر نہ گریں۔
اس دوران خاتون مختلف خیراتی اداروں کےلیے رقم بھی جمع کر رہی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میرے پاس زیادہ وقت نہیں بچا اور میں مزید فنڈ ریزنگ نہیں کر سکتی، اس لیے میں نے اسے ایک زبردست کامیابی بنانا چاہا۔"