• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس اہلکار شہریوں کی تذلیل وتضحیک کے عمل میں مصروف ہیں ،پشتونخوامیپ

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہرمیں پولیس کے غیر ضروری ناکوں اور عوام کو بیجا تنگ کرنے کا نوٹس لیا جائے، پولیس اہلکار اپنے غیر قانونی اقدامات کے باعث شہریوں کی تذلیل وتضحیک کے عمل میں مصروف ہیں ۔ دن میں ہر چوراہے پر ٹریفک پولیس شہریوں کو غیر ضروری طور پر گاڑیوں، موٹر سائیکلوں ، رکشوں ہر گاڑی والے کو روک کر تنگ کرنے ، کاغذات ہونے کے باوجود چالان کیلئے مجبور کرنے ، رشوت لینے ، بداخلاقی کرنے کے ناروا عوام دشمن اقدامات کے مرتکب ہورہی ہیں جبکہ رات میں پولیس موبائل ، ایگل سکواڈ فورس(فالکن فورس) شہرکے مختلف علاقوں میں طلباء ، ملازمین ، ڈبل سواری پرنوجوانوں اور دیگر شہریوں کو روکنے رشوت لینے اور ان کی تضحیک کر نے میں ملوث ہیں ۔ اگر کوئی شریف شہری ہاتھ لگے تو ان پر تشدد کرنے سے بھی گریزنہیں کیا جاتا ۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغانے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرپارٹی پہلے بھی سخت تشویش کا اظہار کرچکی ہے ، آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی پولیس کی جانب سے کسی حد تک شاندہی کرنے اقدامات اٹھائے گئے لیکن پولیس فورس میں اب بھی ایک مافیا سرگرم ہے جو اپنے اصل فرائض سے غافل ہوکر کرپشن ، کمیشن ، پرسنٹیج، رشوت خوری جیسے ناروا عملیات میں مصروف ہے جن کا سختی سے نوٹس لینا پولیس کے اعلیٰ حکام کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اکثر پولیس تھانوں میں شریف شہریوں کی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی اور اگر کوئی اپنی شناخت اور سورسز کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرائیں تو پولیس تھانے کا عملہ بعد میں انہیں نہ تو پولیس تھانے میں اندر چھوڑتے ہیں اور نہ ہی ان سے ٹھیک انداز سے بات کرتے ہیں ۔ گزشتہ روز پارٹی کے سینئر رکن اور ضلع قلعہ عبداللہ کے رہائشی کو بلیلی کے مقام پر شہید کردیا گیا اب تک ان کے قاتلوں کا سراغ نہیں لگایا جاسکا ۔ جبکہ ہر علاقے میں شہری ڈاکوؤں ، چوروں کے ہاتھوں محفوظ نہیں ہیں اور اب دن دہاڑ ے ٹریفک پولیس اور رات کی تاریکی میں پولیس اور بالخصوص ایگل سکواڈ (فالکن فورس) شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں ۔ پشتونخو امیپ آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس صاحب سے نوٹس لینے اور شہر میں امن وامان کے قیام ، چوری ڈکیتی ، جرائم کے واقعات کی روک تھام ، عوام کے سرومال کی تحفظ کو یقینی بنانے اور بلا امتیاز تمام جرائم پیشہ عناصر اور مافیاز ،مختلف ناموں سے منسوب گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے ۔
کوئٹہ سے مزید