بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں 23 مسافروں کو قتل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق تمام افراد کو ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگا کر مسافروں کو بسوں سے اتارا۔
ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی نے بتایا ہے کہ مسلح افراد نے 10 گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس اور لیویز جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں، لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع موسیٰ خیل بلوچستان کی شمال مشرقی سرحد پر واقع ہے جو خیبر پختون خوا اور پنچاب سے متصل ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی و دیگر نے موسیٰ خیل میں مسافر بسوں اور ٹرکوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے واقعے کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کو لواحقین سے مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔