واردات کے دوران کُتب بینی کا شوق اطالوی چور کو لے ڈوبا اور اسے جیل کی سیر کروا دی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت میں چوری کی انوکھی وارادت رونما ہوئی ہے جہاں چور ایک گھر میں چوری کے ارادے سے بالکونی سے داخل ہوا۔
مذکورہ چور اس وقت پکڑا گیا جب وہ چوری کے دوران یونانی دیوتاؤں سے متعلق ایک کتاب پڑھنے بیٹھ گیا۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 38 سالہ مبینہ چور ایک فلیٹ میں چوری کے ارادے سے داخل ہوا لیکن چوری کے دوران جب اسے یونانی دیوتاؤں سے متعلق ایک کتاب ملی تو یہ دیکھ کر وہ بھول گیا کہ وہ اس گھر میں کیوں داخل ہوا تھا۔
وہ ہومر کی مشہورِ زمانہ کتاب اٹھا کرنے پڑھنے لگا اور اس میں اس وقت تک مگن رہا جب تک 71 سالہ مالک مکان بیدار نہیں ہو گیا۔
مالک مکان نے بیدار ہوتے ہی جب ایک انجان شخص کو اپنے گھر میں دیکھا تو اسے مخاطب کیا جس پر وہ وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا۔
مبینہ چور نے اسی بالکونی سے فرار ہونے کی کوشش کی جہاں سے وہ داخل ہوا تھا لیکن کچھ ہی دیر بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
اس ناکام ڈکیتی کی خبریں جب کتاب کے مصنف تک پہنچیں تو انہوں نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شخص کو اپنی کتاب کی ایک کاپی بھیجنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اس کتاب کو مکمل کر سکے۔