اوسلو (ناصر اکبر) پاکستان ویلفیئر یونین ناروے کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان ویلفیئر یونین ناروے 1974سے جشن آزادی پاکستان کی تقریب کا انعقاد کر رہی ہے۔ تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کاآغاز تلاوت قران پاک سے جماعت اہل سنت ناروے کے امام مولانا سید نعمت علی بخاری نے کیا، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض خالد محمود چوہدری نے انجام دیئے۔ جشن آزادی تقریب کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا پہلے مرحلے میں پاکستان ویلفیئر یونین ناروے کے صدر میر فضل حسین اور مہمان گرامی نےجشن آزادی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا، دوسرے مرحلے میں کڈنی سینٹر گجرات کیلئےفنڈ ریزنگ کی گئی اور تیسرے مرحلے میں ناروے کے مقامی سنگرز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی، پاکستان ویلفیئر یونین ناروے کے صدر میر فضل حسین، نارویجن پارلیمنٹرین ناروے کے وزیر صحت یان کرسٹیان ویسٹرے، سابق نارویجن پارلیمنٹرین لاش ریسے، کڈنی سینٹر گجرات کے صدر میاں اعجاز اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر میر فضل حسین نے مہمانوں کو گلدستے پیش کئے۔ نارویجن سیاستدانوں نے اپنی پارٹی کا منشور پیش کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارک باد دی،میر فضل حسین نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا قیام پاکستان کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر متواتر ظلم کے پہاڑ توڑے جار ہے جبکہ مودی کے دورحکومت میں مظالم کی انتہا کردی گئی ہے اور آج سے دو سال قبل 5 اگست کو بھارتی حکومت نے اپنے آئین میں تبدیلی کے ذریعے کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم کردی جسے ہم تسلیم نہیں کرتے اور اس بھارتی اقدام کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ تقریب میں کڈنی سینٹر گجرات کے لیے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی۔