کوئٹہ (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ راڑہ شم میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 23معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہوئے یقین دلاتے ہیں کہ دہشت گردوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے سے قبل چین سے نہیں بیٹھیں گے اور دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کا پیچھا کر کے ان کو انجام تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ گوادر ،کولپور ،قلات ، کھڈکوچہ سمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات بزدل اورملک دشمن عناصر کی کارروائیاں ہیں جن کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موسیٰ خیل اور دیگر شہروں میں دہشتگردوں نے پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ املاک اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایاجو انتہائی قابل مذمت ہے۔واقعات میں ملوث بزدل دہشتگرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔ دہشتگردوں کا آخری حد تک پیچھا کیا جائے گا اور انہیں جہنم واصل کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف ایک پیج پر ہے اور دشمن کی پاکستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو مل کر ناکام بنا یا جائیگا۔