• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رسول کریم ﷺ نے صحابہؓ سمیت پوری امت کو انسانیت کی بھلائی کا درس دیا، مقررین

مانچسٹر( علامہ عظیم جی ) رسول رحمت سرور کونین خاتم النبیینﷺ کی بعثت اللہ کے بندوں کی دارین کیلئے ہے۔ رسول کریمﷺ نے اپنے تمام صحابہؓ اور پوری امت کو انسانیت کی خدمت اور بھلائی کا درس دیا تاکہ انسان اپنی تخلیق کے مقاصد کو حاصل کر سکے ۔ان خیالات کا اظہار قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر مانچسٹر میں منعقد تقریب کے موقع پر مرکزی جماعت اہل سنت کے سیکرٹری جنرل اور قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر کے سربراہ صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رسولﷺ نے میثاق مدینہ کر کے تمام انسانوں کو اللہ کی رحمت اوراپنے اسوۂ حسنہ کے مطابق سب کے حقوق اور فلاح کا راستہ دکھایا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ اور اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں بریلوی اور دیگر اولیاء کرامؒ کی تعلیمات سے انسانی فلاح اور بہبود کا درس ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر میں غریبوں و ناداروں کیلئے ہر ہفتہ اشیائےخورد و نوش کی مفت تقسیم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ تمام اسلامی تہواروں پر بلا بلا تفریق امیر و غریب لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنےکیلئے ممبران پارلیمنٹ اور کونسلرز کو دعوت دی جاتی ہے تاکہ وہ لوگوں کے مسائل سنیں اور انہیں حل کرنے کی بھرپور سعی کی جاسکے۔ اس موقع پر لانگ سائیڈ کے کونسلرچوہدری شہباز سرور نے کہا کہ وہ کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے میں دن رات کوشاں رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلمان نوجوان کی بہترین تربیت کیلئے مساجد عظیم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ سماجی رہنما چوہدری فاروق احمد چیمہ نے کہا کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نئی نسل میں حب رسولﷺ اجاگر کرنے سے انہیں جہاں اچھا مسلمان ثابت کیا جاسکتا ہے وہاں انہیں معاشرے میں بہترین کردار ادا کرنے والا بنایا جا سکتا ہے۔ سید عبدالرحمان شاہ نے کہاکہ حب رسول ﷺ اور حب اہل بیتؓ کو اجاگر کرنے سے نئی نسل کی بہتر تربیت ہو سکتی ہے۔ حمزہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر محمد صفدر نے کہاکہ والدین اور سماجی ومذہبی کمیونٹی رہنماؤں کو ملا کر نوجوان نسل کو برطانوی معاشرے کا فعال حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ انٹرنیشنل قرأت و نعت کونسل کے چیئرمین چوہدری نصیر احمد ساہیوالی نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو اپنے وطن اور مذہب کی محبت کی ترغیب دینا ضروری ہے تاکہ ہماری نئی نسل محبان رسولﷺ اورمحب وطن پاکستانی بن سکے۔

یورپ سے سے مزید