• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشوں سے شہر کا انفرااسٹرکچر بری طرح متاثر، سڑکیں کھنڈر بن گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جاری حالیہ بارشوں نے شہر کا انفرااسٹرکچر بری طرح متاثر کیا ہے اور شہر کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جہاں اسٹریٹ لائٹس کی روشنی بھی شہریوں کو میسر نہیں، جو طوفان باد وباراں کے دوران رات کی ہول ناک تاریکی میں کھنڈر بنی سڑکوں پر گاڑیاں چلانے کے لیے مجبور ہیں، تاہم پورے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والا یہ شہر لاوارث نظر آتا ہے، جس کا کوئی پرسان حال نہیں،تاہم شہری انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں نکاسی آب کی صورت حال کنٹرول میں رہی،مرکزی اور بڑی شاہراہوں پر نکاسی بر وقت کی جاتی رہی،کچھ علاقوں میں پانی جمع ہونے کی رپورٹس ملی ہیں، جوڑیابازار میں بارش کے پانی سے کیچڑ جمع ہوگیا اور سول اسپتال کے اطراف کی سڑک پر بھی پانی جمع ہے۔ اس شہر پر وفاقی حکومت توجہ دے رہی ہے نہ سندھ حکومت کو اس کی کوئی پرواہ ہے، جب کہ بلدیاتی قیادت یعنی پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے میئر کراچی، ڈپٹی میئر، 25میں سے 13 ٹائونز چیئرمین اور وائس چیئرمینز، جماعت اسلامی کے 9ٹائونز چیئرمینز اور وائس چیئرمینز اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 3ٹائونز کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز مل کر بھی شہری مسائل حل کرنے میں خاطر خواہ کام یاب نظر نہیں آتے۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں، ٹوٹی، پھوٹی سڑکوں ، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم بے حساب تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک نے کراچی والوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، لیکن متعلقہ افراد صرف ایک دوسرے پر الزام تراشی اور سیاست کرنے میں مصروف ہیں۔ میئر کراچی کے تمام تر دعوئوں کے برعکس ہفتے کو کراچی خصوصاً اس کے اولڈ ایریاز میں ہوئی بارش نے شہریوں کو سخت عذاب میں مبتلا کردیا۔ اولڈسٹی ایریا باالخصوص صدر کی قریباً تمام سڑکوں پر بارش اور سیوریج کا پانی جمع ہوگیا، اردوبازار کی گلیوں میں گنداپانی جمع ہونے سے کتابیں خریدنے آئے اکثر شہری خالی ہاتھ لوٹ گئے، ایم اے جناح روڈ، کیپری سینما کے قریب سڑک پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، گارڈن کے اطراف سڑکیں تالاب بن گئیں، لیاری چاکیواڑہ کی سڑک بھی مکمل طور پر ز یرآب آگئی، پاکستان چوک کی سڑکیں بھی تالاب کا منظرپیش کرنے لگیں، لیاقت آباد کی مرکزی شاہراہ پر بھی خاصی مقدار میں پانی نظر آیا، گلشن اقبال میں چند ماہ پہلے بنائی گئی سڑک بہہ گئی، جب کہ یہاں بلاک نمبر 13-Dکے انڈرپاس میں بھی پانی جمع ہوگیا، کالابورڈ، ملیر اور شارع فیصل کے کئی مقامات پر بھی پانی جمع ہوگیا، اسٹیڈیم روڈ پر کافی مقدار میں پانی جمع نظر آیا، ضلع غربی کی متعدد شاہراہوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے پر شہریوں کاگھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا۔
اہم خبریں سے مزید