کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک کے مختلف حصوں خصوصاً کراچی میں جاری حالیہ بارشوں کی وجہ سے ٹرین آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے اور کراچی میں ٹرینوں کی آمدورفت میں 3سے 4گھنٹے تاخیر ہورہی ہے، جب کہ کراچی سٹی اور کینٹ اسٹیشنزکے پلیٹ فارمز پر سہولتوں کے فقدان کے سبب بھی مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، نیز کینٹ اسٹیشن کے اطراف جمع بارش اور سیوریج کے پانی سے گزر کر اسٹیشن پہنچنا بھی مسافروں کے لیے جوئے شیر لانےکے مترادف ہے۔ تفصیلات کے مطابق مون سون کی حالیہ بارشوں سے پاکستان ریلوے کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور ٹرین آپریشن سخت متاثر ہوا ہے،اس وقت کراچی میں ٹرینوں کی آمدورفت میں گھنٹوں تاخیر ہورہی ہے اور یہاں سے اکثر ٹرینیں وقت پر روانہ نہیں ہورہیں۔