• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حریت رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی آج منائی جائیگی

کراچی (نیوز ڈیسک) حریت رہنما اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزاحمت کی علامت سید علی گیلانی کی تیسری برسی آج یکم ستمبر کو منائی جائے گی، کشمیری انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سرینگر میں ان کی قبر پر حاضری دیں گے۔ سید علی گیلانی کی قبر پر حاضری کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے اور تمام آزادی پسند تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ائمہ اور خطیبوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ قائد حریت اور دیگر کشمیری شہدا ء کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطے میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں پرامن مظاہرے کریں۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے سید علی گیلانی کی انتھک جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد امن اور انصاف کے متلاشیوں کو تحریک دیتی ہے۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے ان کی زندگی بھر کی جدوجہد کو اجاگر کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی کویقین محکم تھا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید