اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے ایک جریدے میں چین کے اعلیٰ سطح وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شائع ہونے والے آرٹیکل کو غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جریدے نے اپنے آرٹیکل میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی ناکام کوشش کی۔ ہفتہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر اپنی پوسٹ میں شائع ہونے والے آرٹیکل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پر اس طرح کے حملے کامیاب نہیں ہوں گے، آرٹیکل میں دیا گیا تاثر غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے جو پاکستان کے عوام کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتا۔ دریں اثناءوزارت اطلاعات کے فیکٹ چیکر نے بھی جریدے میں شائع ہونے والے آرٹیکل کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا۔