کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے بلوچستان اور گوادر کی ترقی کے لئے اب پاکستان کے سرکاری شعبے کو گوادر پورٹ کے ذریعے 50فیصد درآمدات کرنا لازم ہوں گی، اس فیصلے سے گوادر پورٹ اور بلوچستان ترقی کرے گا، ڈنمارک کی کمپنی مارسک لائن پاکستان میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کے تحت 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، اس سلسلے میں معاہدہ ستمبر میں ہوگا ،وفاقی کابینہ نے اسکی منظوری دیدی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں میڈیا بریفنگ میں بتائیں۔ قبل ازیں صدر کراچی پریس کلب اور سیکریٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی پریس کلب ہر مظلوم طبقے کی آواز ہے۔جمہوریت کے لئے بھی ہم نے قربانیاں دی ہیں ، ایم آر ڈی کی تحریک کراچی پریس کلب سے ہی شروع ہوئی،کراچی پریس کلب جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کا علمبردار ہے،۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کراچی میگا سٹی ہے اس کی ترقی میں وفاق کا شئر ہونا چاہئے، پاکستان کے لئے مستقبل میں بھی کراچی پریس کلب کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم کی عالمی تجارت میں پاکستان کا حصہ صرف 0.5 فیصد ہے۔ خطے میں قائم بندر گاہوں میں گنجائش ختم ہونے سے پاکستان کی گہری بندرگاہوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ پاکستانی بندرگاہوں میں بڑے چھوٹے مال بردار بحری جہازوں کے لنگرانداز ہونے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہازوں کی لاگت میں کمی ہوگی تو وسط ایشیاء تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔