کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سمندری طوفان کراچی سے دور، بلوچستان کی طرف مڑگیا ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں 5روز میں 226ملی میٹر بارش ہوئی ہے ، کراچی کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا، شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کا رخ عمان کی جانب ہوگا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں میں ہفتے کی صبح سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم مزید خوشگوار ہوگیا تاہم سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف شاہراہوں پر ٹریفک بھی جام ہوگیا۔
بارش کے باعث پھسلن سے موٹر سائیکل سواروں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئےجبکہ تیز ہواؤں سے درخت گرنے کی اطلاعات بھی آئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی ساحلی پٹی کی جانب بڑھتے ہوئے طوفان کا رخ عمان کی جانب ہوگا جب کہ طوفان کا کسی ساحل سے ٹکرانے کاامکان نہیں اور سمندر میں ہی کمزور ہوکر ختم ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ہوا کا دباؤ شدت اختیار کرکے ڈپریشن بن چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم بھارتی گجرات اور راجستھان پر اثر انداز ہوگا جب کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں یہ سسٹم مشرقی سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر اس کے اثرات کی پیشگوئی کرنا قبل ازوقت ہوگا۔ ہفتے کو علی الصبح کراچی کے مختلف علاقوں ڈیفنس، اختر کالونی، قیوم آباد، کالاپل ،کیماڑی، اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، لانڈھی، ناظم آباد، شیر شاہ، سہراب گوٹھ، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، گارڈن، صدر، پی اے ایف بیس مسرور، پی اے ایف بیس فیصل، ابراہیم حیدری، یونیورسٹی روڈ، گلشن حدید، اولڈ ایئر پورٹ، نارتھ کراچی، قائد آباد،کورنگی،برنس روڈ،ایم اے جناح روڈ ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر،شاہ فیصل، اسٹیل ٹاؤن ، شاہ لطیف ٹاؤن اور سعدی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی و تیز بارش اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔