• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ کے سینئر قانون دانوں کے وفد کا امریکہ میں سفارتخانے کا دورہ

اسلام آباد (فاروق اقدس) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد جو ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہے، واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا،وفد میں ہائیکورٹ کے ججز صاحبان، ضلعی عدلیہ کے ججز اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل بھی شامل ہیں۔ ان کا استقبال امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیا۔ وفد میں لاہور، سندھ، پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز ججز صاحبان، ضلعی عدلیہ کے ججز اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل شامل تھے۔ مسز مارٹینا پولیسک، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل سنٹر برائے تنازعات سرمایہ کاری ورلڈ بینک، زمرک خان اور امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل لا ڈویلپمنٹ پروگرام کے دیگر ممبران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ یہ اعلیٰ سطح کا وفد امریکہ میں اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کر رہا ہے تاکہ ملکی اور سرحد پار تنازعات کے تصفیے کے ماحول کو مضبوط بنانے، معاہدوں کے نفاذ کو بہتر بنانے، عدالتوں میں زیر التواء کیسز کی تعداد کو کم کرنے اور انصاف تک موثر رسائی کو یقینی بنانے کے لئے علم اور مہارت کا تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کو اجاگر کیا۔ جسٹس شاہد وحید نے اپنے کہا کہ پاکستان کی قانونی برادری ملک میں ایک موثر نظام انصاف کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ مسز مارٹینا پولسیک نے اپنے ریمارکس میں اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سینئر ججز اور قانونی برادری کے اراکین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قانون کے شعبے میں معلومات کے تبادلے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دے گا۔
اہم خبریں سے مزید