• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بل گیٹس کی 18 سال کی عمر میں تنخواہ کتنی تھی؟ اسٹیو جابز کی سی وی بھی وائرل

بل گیٹس اور  اسٹیو جابز—فائل فوٹو
بل گیٹس اور  اسٹیو جابز—فائل فوٹو

ٹیکنالوجی کی دنیا کی 2 سب سے مشہور شخصیات ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کی سی ویز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

اسٹیو جابز اور بل گیٹس کی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر وائرل ہونے والی سی ویز اس وقت کی ہیں جب ان دونوں کی عمریں 18 سال تھیں۔

اسٹیو جابز کی 1973ء میں بنائی گئی سی وی کے مطابق الیکٹرانکس اور ٹیکنالوجی ان کی خصوصی صلاحیتیں تھیں۔

فوٹو بشکریہ ایکس
فوٹو بشکریہ ایکس 

دوسری جانب بل گیٹس کی1971ء میں بنائی گئی سی وی کے مطابق  اُنہیں مختلف پروگرامنگ لینگویجز میں اچھا تجربہ تھا۔

سی وی کے مطابق 18 سال کی عمر میں بل گیٹس کی تنخواہ 35000 ڈالرز تھی جو اس وقت ایک نوجوان طالب علم کے لیے بہت زیادہ تھی۔ 

بل گیٹس نے اپنی سی وی میں پال جی ایلن کے ساتھ اپنی شراکت داری کا بھی ذکر کیا جن کے ساتھ مل کر اُنہوں نے بعد میں مائیکروسافٹ کمپنی کی بنیاد رکھی۔

فوٹو بشکریہ ایکس
فوٹو بشکریہ ایکس

ٹیکنالوجی کی دنیا کی ان دو بڑی شخصیات کی سی ویز کی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹیو جابز نے ایپل انکارپوریشن اور پکزر اینیمیشن اسٹوڈیوز کی مشترکہ بنیاد رکھی اور ایپل II متعارف کروایا جو پہلے کامیاب پرسنل کمپیوٹرز میں سے ایک ہے۔ 

اسٹیو جابز کو 1985ء میں ایپل کمپنی سے زبردستی نکال دیا گیا تھا لیکن 1997ء میں ان کی کمپنی میں واپسی ہوئی اور اُنہوں نے مارکیٹ میں آئی فون، آئی پوڈ، آئی میک اور آئی پیڈ جیسی مصنوعات کو متعارف کروایا۔

اسٹیو جابز کی قیادت میں ایپل انکارپوریشن نے دنیا کی سب سے کامیاب کمپنیوں کی فہرست میں اپنی جگہ بنائی، ان کا انتقال 5 اکتوبر 2011ء کو ہوا۔

دوسری جانب بل گیٹس نے 1975ء میں پال جی ایلن کے ساتھ مل کر دنیا کی سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی ’مائیکروسافٹ کارپوریشن‘ کی بنیاد رکھی۔

اُنہیں چھوٹی عمر سے ہی کمپیوٹر پروگرامنگ میں گہری دلچسپی تھی اور اُنہوں نے صرف 13 سال کی عمر میں کوڈنگ کرنا شروع کر دی تھی۔

بل گیٹس اور پال جی ایلن نے آپریٹنگ سسٹم MS-DOS تیار کیا جو بہت بڑی کامیابی ثابت ہوا۔

مائیکروسافٹ کمپنی نے1985ء میں MS-DOS کے لیے ایک گرافیکل یوزر انٹرفیس ونڈوز جاری کیا جس نے پرسنل کمپیوٹنگ کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔

بل گیٹس دنیا بھر میں اپنی انسان دوست شخصیت کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔

انہوں نے 2000ء میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن قائم کی جو عالمی سطح پر غربت کے خاتمے، صحت سے متعلق مسائل کے حل اور تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔

اب بل گیٹس مائیکروسافٹ کمپنی میں بطور ٹیکنالوجی مشیر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید