اسلام آباد( جنگ نیوز) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ انجمن تاجران پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ جنرل سیکرٹری عبدالروف مغل آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری اطلاعات خالد چوہدری انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر طارق کریم انجمن تاجران ملتان کے صدر ظفراقبال صدیقی سمیت تنظیم تاجران پاکستان کے نمائندوں نے چیرمین ایف بی آر ممبر آپریشن ، ممبر پالیسی سے مذاکرات کئے۔ مذاکرات تقریبا دو گھنٹے جاری رہے مذاکرات میں طے پایا کہ کل چار رکنی کمیٹی ایف بی آر میں دوبارہ مذاکرات کرے گی۔ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں اجمل بلوچ نے واضح کیا کہ تاجر دوست سکیم کے ٹیکس ویلویشن ٹیبل کی واپسی تک اور کسی پوائنٹ پر بات نہیں ہو گی۔ اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ تاجر دوست سیکم کے جاری نوٹسز فوری طور پر واپس لیے جائیں اور کہا کہ تاجر کسی صورت ویلویشن ٹیبل کے مطابق ایڈوانس انکم ٹیکس ادا نہیں کریں گے۔جہاں تک نان فائلر کی بات ہے تو ایف بی آر نان فائلر کو فائلر بنانے کے عملی اقدام کرے آج تک ایف بی آر نان فائلر کو فائلر بنانے میں کیوں ناکام رہا۔