• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پاکستان کے فرمودات اور شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہئے، ایاز خان

لوٹن (شہزاد علی/اسرار راجہ) پاکستان ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکرٹری ایاز خان نے کہا ہے کہ یوم آزادی مناتے وقت ہمیں بانی پاکستان کے فرمودات اور افکار کو بھولنا نہیں چاہیے اور جشن آزادی کی خوشیوں میں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے وہ پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کی تقریب جو جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے زیر اہتمام اور علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی میزبانی اور صدارت میں مقامی ریستوران کے وسیع ہال میں منعقد ہوئی میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کو یوم آزادی پاکستان کے حوالے خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ پاکستان اللہ تعالی کا دیا ہوا ایک تحفہ اور انعام ہے مگر اس کے حصول کے لیے بے حد قربانیاں دی گئی ہیں اور ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے انہوں نے اس موقع پر کورونا کے پینڈیمک کے دوران ہائی کمیشن پاکستان لندن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت ہر طرف موت ہی موت تھی پاکستان کے ہائی کمیشن نے ہماری بہت مدد کی جب بھی ہمیں ضرورت پڑی ان کا عملہ خدمت کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہوتا، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کی پاکستان ترقی کی راہ پر چل کر مزید کامیابیاں حاصل کرے۔ بیڈفورڈ سے لیبر ممبر پارلیمنٹ محمد یاسین نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر کمیونٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اورکہا کہ تحریک آزاد ی کشمیرسے متعلق ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ لوٹن ساوتھ سے لیبر ممبر پارلیمنٹ سارہ اوون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بڑی خوشی ہوئی ہے کہ ہم آج ایک بار پھر پاکستان ڈے پر خوشی منا رہے ہیں لوٹن نارتھ سے لیبر ایم پی ریچل ہوپکنز نے پاکستانی کمیونٹی کو اس دن کی حولے سے مبارکباد دی۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان جمہوری عمل سے اور بزرگوں کی قربانیوں سے بنا ہے اس وقت کچھ معاملات ہیں جن کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے یقینا پاکستان ہماری پہچان اور ہماری شان ہے۔ پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے نے کہا کہ پاکستان بر صغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں سے معرض وجود میں آیا اور آج پاکستان ایک بڑی طا قت کی حثیت سے دنیا کے نقشے پر موجود ہے۔ کوآرڈینٹیر کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان، وٹفوڑڈ کمیونٹی لیڈرحاجی محمد منیر، خان عبدااللہ خان، بیڈفورڈ شائر پولیس کرائم کمشنر جان ٹزارڈ، وائس لارڈ لیفٹنٹ بیڈفورڈ شائر کرس شاروڈ سمتھ ایم بی ای، ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسلر جاوید، مئیر لوٹن تہمینہ سلیم، کونسلر امجد علی، کونسلر زینب راجہ، سید حسین شہید سرور، ریاض بٹ، ممتاز بٹ، ناصر وارثی سمیت متعدد نے خطابات میں یوم آزادی پاکستان کی کمیونٹی کو مبارک دی۔ نظامت کے فرائض قاضی عطالکبریا نے ادا کیے۔ آغاز قاری محمد کامران کی تلاوت قران پاک سے ہوا۔ قاضی تنزیل الرحمٰن نے نعت رسول مقبول پیش کی۔ آخر میں قیام پاکستان کی خوشی میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم والے ایک بڑے کیک کو کاٹ کر شرکاء میں تقسیم کیا گیا پروگرام کے اختتام پر دعاء صاحبزادہ ساجد سلطان پنگالی شریف نے کی۔

یورپ سے سے مزید