• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ابوظبی میں کرانے پر بھی مسائل کا سامنا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کے شیڈول میں کسی باضابطہ تبدیلی کے حوالے سے وضاحت طلب کرلی ہے، انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے، ہم کچھ نہیں جانتے۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شیڈول ہے تاہم سیریز کا از سر نو شیڈول اگلے ہفتے کے شروع میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی دو ٹیسٹ راولپنڈی اور ایک ٹیسٹ ملتان میں کرانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، ابوظبی میں ٹیسٹ میچ کرانے میں لاجسٹک، آپریشنل اور مالی چیلنجز کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کی وجہ سے وینیو کی تبدیلی کی خبریں سامنے آئیں تھیں جس کے بعد سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے خبریں گردش میں ہیں۔ انگلینڈ کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ہم تب تک ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں علم نہ ہو کہ ہم کہاں کھیل رہے ہیں۔ یہ بہت اچھا ہو گا کہ اگلے کچھ روز میں اس حوالے سے پتہ چل جائے تاکہ ہم کنڈیشنز کے مطابق اچھی ٹیم بنا سکیں۔