کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ دبائو کے باوجود بس ٹرمینلز کی شہر سے باہر منتقلی یقینی بنائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ کراچی میں نئے ٹرمینل تک مفت شٹل سروس کی فراہمی کے باوجود کچھ بس آپریٹرز نے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کرائے ہیں، بعض آپریٹرز قانونی اقدامات کے خلاف مزاحمت کرنے یا ذاتی مفادات کے لیے پبلک آفس ہولڈرز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمینلز کی منتقلی ہر حال میں یقینی بنائی جا رہی ہے، دباؤ آرہا ہے، لیکن ہم ہر صورت کام جاری رکھیں گے، کراچی شہر سے باہر ٹرمینلز کی منتقلی کا مقصد شہر کی سڑکوں سے غیر قانونی بس اڈوں کا خاتمہ ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور عدالتی احکامات کی تعمیل کے لیے پرعزم ہے، شہر کی حدود سے باہر بس ٹرمینلز کا قیام عدالتی احکامات کے مطابق ہے۔