بھارت کے ارب پتی صنعت کار مکیش امبانی مشہور بھارتی اداکار جوڑی رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون سے بیٹی کی پیدائش کے بعد ملنے کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی بیٹی کی پیدائش ممبئی میں واقع ایچ این ریلائنس اسپتال میں ہوئی جو مکیش امبانی کی ریلائنس فاؤنڈیشن کی ملکیت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مکیش امبانی کی گاڑی کو سخت سیکیورٹی میں ریلائنس اسپتال پہنچتے ہوئے دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مکیش امبانی رنویر سنگھ، دیپیکا پڈوکون اور ان کی ننھی پری سے ملنے کے لیے اسپتال گئے تھے۔
یاد رہے کہ اداکار جوڑی کے امبانی خاندان سے اچھے تعلقات ہیں، رنویر سنگھ نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں ڈانس پرفارمنس بھی دی اور دیپیکا پڈوکون نے حاملہ ہونے کے باوجود بھی شادی کی تمام تقریبات میں شرکت کی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دیپیکا پڈوکون کو ابھی اسپتال سے ڈسچارج نہیں کیا گیا، اُنہیں ابھی مزید کچھ دنوں تک اسپتال میں داخل رہنا پڑے گا۔