• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی کریمﷺ وجہ تخلیق کائنات ہیں، عقیدہ ختم نبوت پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے، علمائے کرام، کیتھلے میں میلاد النبیﷺ کانفرنس

کیتھلے (محمد رجاسب مغل) مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد کیتھلے میں عظیم الشان میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی۔ علامہ مفتی خورشید عالم صابری کی زیر صدارت اس کانفرنس میں پاکستان اور برطانیہ بھر سے سادات کرام اور علما کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی کیتھلے کے میئر کونسلر چوہدری گلفراز حسین اور امیر ملت پیرسید منور حسین جماعتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور شریف تھے۔ اس موقع پر مفتی کشمیر علامہ محمد اسلم نقشبندی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت، حضرت محمدﷺ کی نبوت و رسالت کا امتیاز یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺکو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر مبعوث فرمایا حضور پاک وجہ تخلیق کائنات اور خاتم النبیین ہیں انیسویں صدی میں منکرین ختم نبوت نے جب سر اٹھایا تو اس کے خلاف اس وقت کے اکابرین اسلام اور علماء و مشائخ جن میں حضرت پیر سید مہر علی شاہ گولڑوی، پیر جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ سے لے کر علامہ خادم حسین رضوی رحمۃ علیہ اور دیگر نے خم ٹھونک کر اس کی سرکوبی کا ملی فریضہ سر انجام دیا۔ ان کی عظیم جدوجہد سے اپنے ایمان کی دولت کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مفتی خورشید عالم صابری نے کہا کہ سرکار اقدس ﷺ تمام انسانیت کیلئے عملی سیرت کی واضح مثال اور نمونہ ہیں، ہر اعتبار سے بے مثل بشر اور حقیقت کے اعتبار سے ایک نور ہیں، بلا شبہ آپ ﷺ کا حسن اخلاق نور کا درجہ رکھتا ہے جس کی روشنی میں چشم بصیرت منور ہوتی ہے۔ پیر منور حسین جماعتی نے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ اور شریعت محمدی کی اساس ہے عقیدۂ ختم نبوت پر کسی صورت ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے، ناموس رسالت ﷺ اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پیر سید احسان الحق نے کہا کہ ہر مومن کو اللہ کے نبی ﷺ سے سب سے زیادہ محبت ہونی چاہئے حضور پُر نور ﷺ کی حیات پاک کا ایک ایک لمحہ نہ صرف امت مسلمہ کیلئے بلکہ پوری انسانیت کیلئے ’’مینارۂ نور‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا دفاع اور ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کا فرض ہے۔ نوجوان نسل کو ختم نبوت کی تعلیمات سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ سچے عاشق رسول اور سنیت کی پہچان ہیں، ہمیں مسلک اعلیٰ حضرت پر ثابت قدم رہنا ہو گا۔ کیتھلے کے میئر کونسلر گلفراز حسین نے والدین پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو برطانیہ میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت پر بھی توجہ دیں ہمیں اس بات کی اہمیت کو بھی محسوس کرنا چاہئے کہ نوجوان نسل اسلام کی روشن تعلیمات سے بہرہ ور ہو کر موجودہ معاشرے کیلئے ایک عظیم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سابق لارڈ میئر عابد حسین جماعتی مرحوم کی کیتھلے میں دینی خدمات کا بھی ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کے عوامی خدمات کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ کانفرنس میں نقابت کے فرائض مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے سیکرٹری جنرل الحاج ظفر اقبال جماعتی نے سرانجام دئیے کانفرنس سے سجادہ نشین آستانہ عالیہ نیریاں شریف صاحبزادہ احمد رضا غزنوی، مولانا حافظ غلام محی الدین، قاری محمد عمر رضوی، علامہ عبداللہ سلیم عطاری، الحاج علی اکبر چشتی اور دیگر مقامی نعت خوان حضرات نے ہدیہ عقیدت پیش کیا آخر میں مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے صدر الحاج شوکت میرپوری کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید