• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوسٹن سے فلسطینیوں کیلئے امداد بھیجنے کی تقریب، قونصل جنرل پاکستان کی شرکت

ہیوسٹن(راجہ زاہد اختر خانزادہ)امریکی شہر ہیوسٹن کی فلاحی تنظیم ہیومن ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ (ایچ ایچ آر ڈی) نے الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف (اے ایف ڈی آر) اور دیگر کمیونٹی تنظیموں کے تعاون سے فلسطینی عوام کیلئے امدادی سامان کے 2نئے کنٹینر روانہ کر دیئے۔اس موقع پر ہیوسٹن کمیونٹی کی حمایت سے امدادی سامان جمع کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کانگریس مین ال گرین، پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری اور ٹیکساس کے ریاستی اسمبلی کے نمائندے ڈاکٹر سلیمان لالانی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔تقریب اقوامِ متحدہ کے ’’ورلڈ ہیومنٹیرین ڈے‘‘ کے موقع پر منعقد کی گئی جس میں 100 سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے حصہ لیا۔سخت گرمی کے باوجود رضاکاروں نے مل کر 40 فٹ کا کنٹینر ضروری سامان سے بھر کر غزہ کیلئے تیار کیا۔کمیونٹی کے رہنماؤں میں سعید شیخ اور ڈاکٹر یعقوب شیخ (اے ایف ڈی آر)، سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین اور ایچ ایچ آر ڈی کی ٹیم کے دیگر اہم اراکین شامل تھے۔کانگریس مین ال گرین نے اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی، علاقے کی دوبارہ تعمیر اور فلسطین کے قیام کی اپیل کی۔ انہوں نے خطے میں امن لانے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے رضاکاروں کی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینیوں کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار رہیں گے اور دنیا بھر میں مستحق افراد کی مدد کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔‏ایچ ایچ آر ڈی کے تیسرے سالانہ ’’ڈے آف سروس‘‘ کے موقع پر 15 سے زائد کمیونٹی پارٹنر تنظیموں اور میڈیا پارٹنرز، جن میں اے ایف ڈی آر بھی شامل ہے، نے ایک کنٹینر تیار کیا جو پہلے اردن اور پھر غزہ بھیجا جائے گا۔ہیوسٹن کی کمیونٹی کی بھرپور حمایت کی بدولت، ایچ ایچ آر ڈی اور اے ایف ڈی آر نے غزہ کے متاثرہ لوگوں کیلئے 3 کنٹینرز تیار کرنے کیلئے سامان اکٹھا کیا۔واضع رہے کہ ’’ورلڈ ہیومنٹیرین ڈے‘‘ ہر سال ان انسانی کارکنوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئےمنایا جاتا ہے جنہوں نے دوسروں کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور اس سال ہیوسٹن میں کی جانے والی یہ کوششیں غزہ کے لوگوں کیلئےہمدردی اور مدد کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

یورپ سے سے مزید