• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں‘رواں ماہ آئی ایم ایف کے بورڈ کے اجلاس میں معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کی کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کاروبار اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا‘اللہ کرے کہ وہ دن بھی آئے کہ افراط زر کی طرح پالیسی ریٹ بھی سنگل ڈیجٹ میں آ جائے‘اس سے پاکستان کی معیشت کوانشاءاللہ چار چاند لگیں گے‘آئی ایم ایف پروگرام کےبعد شرح نمو میں اضافے کے لیے اقدامات کریں گے ‘ پاکستان ایٹمی قوت ہے‘ہر روز قرضوں کی درخواستوں سے اہمیت میں کمی واقع ہوتی ہے‘ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا‘ایف بی آر میں بے پناہ اقدامات کی ضرورت ہے، چیئرمین ایف بی آر کو بہتری کے لئے وقت دے رہے ہیں، ان کے ساتھ ملاقات کروں گا تاکہ اہداف کا تعین کیا جا سکے۔جمعہ کو وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ پالیسی ریٹ 2 فیصد کم ہو کر 17.5 فیصد پر آ گیا ہے جس سے کاروبار، زراعت اور قومی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ قدم بقدم بہتری آ رہی ہے اور مسلسل آہستہ بھاگنے والا ہی ریس جیتتا ہے کے مصداق پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کی کمی اچھی خاصی کمی ہے‘آئی ایم ایف کے حوالے سے ہمارے دوست، برادر ممالک نے پوری طرح ہمارا ساتھ دیا ہےمگریہ معاملات اس طرح نہیں چل سکتے‘انہوں نے کہا کہ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے کہ بلکہ عام اور سادہ سی بات ہے‘جب موقع آئے گا تو تفصیل سے بتایا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید