• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن نے مجوزہ آئینی ترمیم پر اپنے اراکین کو ووٹنگ سے روک دیا

اسلام آباد (فاروق اقدس) مولانا فضل الرحمان نے مجوزہ آئینی ترمیم پر اپنے اراکین کو ووٹنگ سے روک دیا ,آئینی ترمیم کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں پارٹی قیادت کے تحریری فیصلے تک کسی قسم کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جائے گا جمعیت علماء اسلام (ف) نے ایوان بالا میں اعلیٰ عدلیہ کے حوالے سے متوقع آئینی ترامیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام نے مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنے اراکین سینیٹ کو کسی بھی قسم کے ووٹنگ سے فی الوقت روک دیا ہے۔ سینیٹ میں جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی لیڈر کامران مرتضیٰ کی جانب سے اراکین کے نام جاری خط میں کہا گیا ہے کہ ابھی آئینی ترمیم کے حوالے سے کچھ واضح نہیں ہے۔ لہٰذا پارٹی قیادت کے تحریری فیصلے تک کسی قسم کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اراکین کو ہدایت کی کہ جے یو آئی کے سینیٹرز دستور کے آرٹیکل 63 اے کے تحت پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرتے ہوئے اس فیصلے پر عمل درآمد کریں۔ دریں اثناء متوقع اور مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا مبہم طرزعمل جمعرات کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس کی غلام گردشوں، وزراء کے چیمبرز اور ایوان میں اجلاس کی کارروائی کے دوران بھی ارکان کے درمیان موضوع گفتگو بنا رہا۔

اہم خبریں سے مزید