اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب ساور اور اشولیہ انڈسٹریل زون میں گارمنٹس کے 219کارخانے مزدوروں کے جاری احتجاج کے باعث جمعرات کو بند ہوگئےمطالبات اور تنازعات کو حل کرنے کے طریقہ پر بات چیت جاری، متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے نفری بڑھا دی ۔ ان میں سے 133فیکٹریوں نے چھٹی کا اعلان کیا تھا جبکہ 86 کو بنگلہ دیش لیبر ایکٹ کے سیکشن 13(1) کے تحت بند کر دیا گیا تھا۔ انڈسٹریل پولیس-1 کے سپرنٹنڈنٹ سرور عالم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صبح سویرے مزدورمعمول کے مطابق اپنی فیکٹریوں میں آئے تاہم کچھ وقت گزرنے کے بعد چند کارکنوں نے اپنے مطالبات کو تسلیم کرانے کے لئے کام روک دیا، جس سے فیکٹری حکام کو عام تعطیل کا اعلان کرنا پڑا۔ مزدوروں کی جانب سے مطالبات کے حق میں کام روکے جانے کی خبر تیزی سے پھیل گئی۔